محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاک ایران تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات میں پاکستان اور ایران کو خطے کے اہم ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنی انسانی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو مشترکہ طور پر بروئے کار لا کر متعدد ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے تجارت، توانائی، سیاحت اور مشترکہ سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ روابط میں وسعت اور مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوسکتے ہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے تجارت اور معیشت کے ساتھ ساتھ سیاحت، سیاست، ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
