ملک بھر کے منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز
اسلام آباد: ملک بھر کے منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے دوران 115 اضلاع میں 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام کے مطابق ملک گیر مہم میں 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات انجام دیں گے اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے 30 منتخب اضلاع میں ایک کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔
خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں 73 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ بلوچستان کے 32 منتخب اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے 2 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز مشکل حالات کے باوجود بچوں کو اس موذی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے گھر گھر پہنچ رہے ہیں، اس لیے والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں۔
