اسلام آباد: یومِ آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں اہم سفارتی سرگرمیاں جاری رہیں، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر اور چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
چینی سفیر سے ملاقات میں پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان کے براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں چینی کوہ پیما کی ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے یقین دلایا کہ جاں بحق چینی شہری کی میت وطن واپس پہنچانے کے لیے پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ چینی سفیر نے حادثے کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے فوری امداد اور تعاون کو سراہا۔
چینی سفیر نے پاکستان کے یومِ آزادی پر حکومت اور عوام کو مبارکباد بھی دی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوسری جانب امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاک امریکا تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ 18 جون کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور منشا کے مطابق عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اپنا کردار جاری رکھے گا۔
امریکی ناظم الامور نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور یومِ آزادی پر پاکستانی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
دونوں الگ الگ ملاقاتوں میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون نمایاں موضوعات رہے، جبکہ پاکستان نے امریکا اور چین کے ساتھ سفارتی روابط مزید مضبوط رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
