آپریشن سندور: بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کا ایک بار پھر پردہ فاش
ناکام آپریشن سندور کے حوالے سے بھارتی میڈیا کے بیانیے اور مبینہ پروپیگنڈے پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کی جانب سے ایسے دعوے سامنے آئے ہیں جنہیں پاکستان مخالف بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے جنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کی ایک مخصوص تصویر پیش کرنے کی کوشش کی، جبکہ بھارتی ایئر بیسز کو پہنچنے والے نقصان، سیٹلائٹ اور پاور گرڈ سے متعلق مسائل اور بھارتی طیاروں کی تباہی جیسے دعووں کو نظر انداز کیا گیا۔
اسی طرح پاکستان کی جانب سے بھارتی کارروائی کے جواب میں کیے گئے فوجی ردعمل اور مبینہ طور پر بھارتی عسکری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کو بھی بھارتی میڈیا کی کوریج میں مختلف انداز سے پیش کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بھارتی عسکری قیادت کے بعض سابق بیانات کے حوالے سے بھی کہا گیا ہے کہ مئی 2025 کی پاک بھارت جھڑپوں میں بھارت کو فوجی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مواقع پر بھارتی طیاروں کی تباہی کا ذکر کر چکے ہیں۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ سی این این اور الجزیرہ سمیت بعض عالمی میڈیا اداروں کی رپورٹس میں بھی پاکستان کی جوابی کارروائی اور بھارتی عسکری اہداف سے متعلق نقصانات کا ذکر سامنے آیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر سابق فوجی افسر کی تنقید
مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر خود بھارت کے سابق فوجی افسران کی جانب سے بھی تنقید سامنے آئی۔ بھارتی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل راجن کوچھر کے مطابق اس عرصے میں تقریباً 90 فیصد بھارتی نیوز چینلز حقائق کے برعکس رپورٹنگ کر رہے تھے۔
ان کے بقول آپریشن سندور کے دوران بھارتی میڈیا کے پاس زمینی صورتحال سے متعلق قابلِ اعتماد اور تصدیق شدہ معلومات محدود تھیں، جس کے باعث مختلف چینلز پر اپنی طرف سے کہانیاں تشکیل دینے کا سلسلہ جاری رہا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والے بعض بیانیوں کو سابق بھارتی افسران اور ماہرین نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت جنگی محاذ کے ساتھ ساتھ اطلاعاتی محاذ پر بھی اپنا مؤقف مضبوط کرنے کی کوشش کرتا رہا، جبکہ بھارتی گودی میڈیا پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس نے جنگ کے دوران ایسے دعوے نشر کیے جو بعد میں متنازع یا غیرمصدقہ ثابت ہوئے۔
یوں آپریشن سندور سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ ایک بار پھر خطے میں جاری پروپیگنڈا وار اور اطلاعاتی جنگ کے موضوع کو نمایاں کر رہی ہے۔
