برازیلین فٹبالر نیمار پر دو میچز کی اضافی پابندی عائد
برازیل کے معروف فٹبالر اور سانتوس کے کپتان نیمار کو دورانِ میچ حریف کھلاڑی سے تلخ کلامی کے دوران منہ ڈھانپنے پر دو میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ برازیل کی سپیریئر کورٹ آف اسپورٹس جسٹس (ایس ٹی جے ڈی) نے بدھ کے روز سزا کا اعلان کیا۔
رپورٹ کے مطابق 34 سالہ نیمار کو ہفتے کے روز باہیا کے خلاف برازیلین سیری اے کے میچ میں، جو 1-1 سے برابر رہا، باہیا کے مڈفیلڈر روڈریگو نیسٹر سے بحث کے بعد ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔
اسپورٹس ٹریبونل کے مطابق نیمار نے بحث کے دوران اپنا منہ ڈھانپ کر اس ضابطے کی خلاف ورزی کی جسے ونیسیئس جونیئر رول کہا جاتا ہے۔ ریفری کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ میدان سے باہر بھیجے جانے کے بعد نیمار حریف ٹیم کے بینچ کی جانب بڑھے، تاہم ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔
نیمار پہلے ہی تین یلو کارڈز جمع ہونے کے باعث بدھ کو پالمیراس کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ اب منہ ڈھانپنے کے واقعے پر مزید دو میچز کی پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے باعث وہ سانتوس کے آئندہ تین میچز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
نیمار اور سانتوس کو فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق حاصل ہے۔ تاہم توقع ہے کہ نیمار نومبر کے آخر تک دوبارہ میدان میں واپسی نہیں کر سکیں گے۔
