زرداری اور شریف خاندان کی سیاست کا دور ختم ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ملک میں زرداری اور شریف خاندان کی سیاست کا اثر کم ہو رہا ہے اور عوام متبادل سیاسی راستوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ حالات سے پریشان عوام کے لیے ایک سیاسی متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وطن واپسی کے بعد وقت ضائع کیے بغیر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے مذاکرات کیے جائیں۔
لیاقت بلوچ نے حکومت سے پیٹرول پر عائد لیوی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ریلیف مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کی جانب سے تاخیر اور ٹال مٹول کا سلسلہ جاری رہا تو جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے، جس میں ملک گیر احتجاج بھی شامل ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے ملک کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف بحرانوں سے گزر رہا ہے اور ان کے مطابق اس کی بنیادی وجہ موجودہ نظام کی ناکامی ہے۔
