وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے! 39 سیکنڈ میں دو بڑے جھٹکے، ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ کراکس/کارابوبو ( نیوز ڈیسک ) : جنوبی امریکی ملک وینزویلا بدھ کی شام تاریخ کے تباہ کن ترین زلزلوں میں سے ایک کا شکار ہو گیا، جہاں صرف 39 سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق دونوں زلزلوں کے بعد وسیع جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کاراکس سمیت متعدد علاقوں میں عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ امدادی ٹیمیں رات بھر متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے خبردار کیا ہے کہ اس تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا 44 فیصد امکان موجود ہے، جبکہ بعض تخمینوں کے مطابق جانی نقصان اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔ تاہم سرکاری طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد ابھی جاری نہیں کی گئی۔ زلزلے کے شدید جھٹکے وینزویلا کے علاوہ پڑوسی ممالک میں بھی محسوس کیے گئے، جبکہ ابتدائی طور پر سونامی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ حکام نے شہریوں کو آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر احتیاط برتنے اور متاثرہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔