کراچی: پاکستان کی اوور 40 کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر آئی ایم سی اوور 40 ورلڈ کپ جیت لیا۔
گیانا میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے گریک ہنٹ نے 103 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ اسٹیف پولنس 70 اور گلین بیٹی کیٹو 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کی طرف سے فرید الدین نے چار جبکہ وسیم علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور مقابلے کے بعد 44.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا اور عالمی چیمپئن بن گئی۔
پاکستان کی کامیابی میں عدنان اکمل نے 83، جاوید منصور نے 62 اور طارق محمود نے 41 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ وسیم علی نے 22 جبکہ فرید الدین نے 24 رنز اسکور کیے۔
کپتان جنید خلیل نینی تال والا نے فیصلہ کن شاٹ کھیل کر ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان نے پول مرحلے کے دوران کریبین، بھارت، نیوزی لینڈ اور امریکا کو شکست دی تھی، جبکہ سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
