اپر دیر: دیر بالا کے علاقے دوبندو میں نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس چیک پوسٹ کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر جل گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت چیک پوسٹ خالی تھی، جس کے باعث کسی اہلکار کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع کا جائزہ لیا اور شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے۔ حکام کی جانب سے چیک پوسٹ کو آگ لگانے کے محرکات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
