قلات : اغوا شدہ اے ایس ایف ڈپٹی ڈائریکر کی تشدد زدہ لاش برآمد
قلات ( ڈسٹرکٹ نیوز ) : قلات سے اغوا کئے گئے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم احمد کی تشدد زدہ لاش برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس ایف ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم احمد کو 20 مئی 2026 کو قلات سے ایک مسلح شدت پسند تنظیم نے اغوا کر لیا تھا، جس کے خلاف سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 75/2026 درج کی گئی تھی۔
بدھ کے روز مقتول کی لاش قلات کے علاقے توک سے برآمد ہوئی، جو تھانہ صدر قلات کی حدود میں آر سی ڈی قومی شاہراہ سے تقریباً دو کلومیٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاش پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
لاش کو قانونی کارروائی اور ضروری ضابطہ کار مکمل کرنے کے لیے ایس ڈی پی او قلات کی نگرانی میں ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات موصول ہونے پر جاری کی جائیں گی ۔
