اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پی آر اے ایل کی تنظیمِ نو، ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور اسمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس اصلاحات مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور ان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ٹیکس چوری، اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ IRIS 3.0، نئے ٹیکس آپریٹنگ ماڈل اور سینٹرل ڈیٹا ہب پر مرحلہ وار کام جاری ہے، جبکہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کو ٹیکس وصولی بہتر بنانے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے۔
بریفنگ کے مطابق جنوری تا جون 2026 کے دوران فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ کے نتیجے میں فی گڈز ڈیکلریشن اوسط ریونیو میں 12 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ 280 گڈز ایویلیویٹرز کی بھرتی کا عمل بھی آخری مراحل میں ہے۔
حکام نے بتایا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے جولائی 2026 میں ٹرانزیکشنز کا حجم 2.5 ٹریلین روپے سے تجاوز کرگیا، جبکہ دسمبر 2026 تک اسے 4 ٹریلین روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
