اسلام آباد: آئی ایس پی آر اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کے باہمی تعاون سے شجرکاری مہم 2026 کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا، جس میں نوجوانوں، خواتین، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
شجرکاری مہم کے دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ کے ساتھ ساتھ آئی ایس پی آر کے انٹرن شپ پروگرام میں شریک نوجوانوں نے بھی پودے لگانے کی سرگرمی میں حصہ لیا۔
مہم میں شریک افراد نے آئی ایس پی آر اور ڈی ایچ اے کی مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مون سون کے موسم میں شجرکاری ماحول کو بہتر بنانے اور ملک میں سبزہ بڑھانے کے لیے ایک مؤثر قدم ہے۔
شرکاء کے مطابق درخت نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب صرف پاکستان تک محدود مسئلہ نہیں رہی بلکہ پوری دنیا کو اس چیلنج کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں بڑے پیمانے پر شجرکاری اور موجودہ درختوں کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے مختلف طبقات خصوصاً نوجوان نسل اور طلبہ کو شجرکاری سرگرمیوں میں شامل کرنا ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
شرکاء نے آئی ایس پی آر اور ڈی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے شجرکاری مہم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں ایک سرسبز، صاف اور ماحولیاتی طور پر مضبوط پاکستان کے قیام کی جانب اہم قدم ہیں۔
