کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبینہ طور پر جھوٹا اور ہتک آمیز مواد شیئر کرنے کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں دو افراد کو طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلال بن نصر اللہ کو سائبر کرائم ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ کراچی کے رہائشی عبید قریشی کو بھی ذاتی حیثیت میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے مبینہ طور پر توہین آمیز، ہتک آمیز یا غلط معلومات پر مبنی مواد پھیلانے کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سے متعلق سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر جھوٹا اور ہتک آمیز مواد نشر کیے جانے پر ان کے وکیل کی جانب سے NCCIA میں درخواست جمع کرائی گئی تھی۔
درخواست موصول ہونے کے بعد سائبر کرائم حکام نے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے۔ تحقیقات کے دوران متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مبینہ طور پر شیئر کیے گئے مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکام دیگر ایسے افراد کا بھی سراغ لگا رہے ہیں جن پر مبینہ طور پر اسی نوعیت کا مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کا شبہ ہے۔
NCCIA حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد اور دستیاب معلومات کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے مطابق آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق کسی بھی فرد کے خلاف حتمی کارروائی تحقیقات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر ہی عمل میں لائی جائے گی
