راولاکوٹ: عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے پیش نظر پاکستان رینجرز نے مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے امدادی راشن کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 100 ضرورت مند خاندانوں کو راشن پیکیجز فراہم کیے گئے، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران مزید 1500 پیکیجز مرحلہ وار مستحق افراد تک پہنچائے جائیں گے۔
ہر راشن پیکیج میں آٹا، کوکنگ آئل، چینی، دالیں، دودھ کا پاؤڈر، چائے اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیائے خورونوش شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
مقامی شہریوں نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے پاکستان رینجرز کا شکریہ ادا کیا۔ اس امدادی سرگرمی کا مقصد ضرورت مند افراد کو بروقت ریلیف فراہم کرنا اور انہیں بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں سہولت دینا ہے۔
