کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کردی۔
اسلام آباد میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 29 ستمبر کو سماعت کرے گی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوسکتا ہے۔
مجوزہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ اس بجلی کی اوسط لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں پانی سے 37.84 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.88 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
اسی عرصے کے دوران فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 2.15 فیصد، مقامی گیس سے 7.04 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد رہا۔
سی پی پی اے کے مطابق فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 45 روپے 25 پیسے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 45 روپے 92 پیسے فی یونٹ رہی۔
