پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے لیے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کیمپ اور دھرنوں کا منصوبہ تیار کرلیا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاور سے مارچ کی قیادت کریں گے۔
پشاور میں پارٹی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے مرحلہ وار حکمت عملی ترتیب دی ہے، جس کے تحت خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر دھرنے اور کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق صوبے کی حدود میں موٹروے اور جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ پشاور، خیبر، نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک کے علاقوں میں اٹک پل جبکہ ملاکنڈ، صوابی، مردان اور چارسدہ میں موٹروے کے مختلف مقامات کو دھرنوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
ہری پور میں حطار، خانپور، جھاری کس اور مکھنیال جبکہ ہزارہ موٹروے پر بھی کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ایبٹ آباد میں باریان، کوہالہ اور صوابی میں ٹوپی جبکہ ایم این موٹروے پر بھی کیمپ لگانے کے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
نوشہرہ میں خیرآباد کنڈ اٹک پل، لکی مروت میں کنڈل اور کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کو بھی دھرنے یا کیمپ کے لیے مختص کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو کیمپوں میں شرکت اور انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی تنظیمیں شرکا کے لیے خوراک، پینے کے پانی اور دیگر ضروری اشیا کا انتظام کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کے راستے میں رکاوٹ پیش آنے کی صورت میں متعلقہ مقام پر دھرنا دینے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پشاور سے مارچ کی قیادت کریں گے، جبکہ حتمی حکمت عملی کے حوالے سے اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔
