چین میں کارگو جہاز میں خوفناک آتشزدگی، 20 افراد ہلاک، 5 لاپتا
چین: چنگ ڈاؤ بندرگاہ پر مرمت کے لیے کھڑے کارگو جہاز میں اچانک آگ بھڑکنے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 5 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ چنگ ڈاؤ پورٹ پر لنگر انداز کارگو جہاز اوشین میلوڈی میں پیش آیا۔ واقعے کے وقت جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد موجود تھے۔
ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 12 افراد کو بحفاظت جہاز سے نکال لیا، جبکہ 5 زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق جہاز میں آگ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11 بجے لگی، جس پر امدادی اداروں نے فوری کارروائی شروع کی اور تقریباً دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک آگ پر قابو پالیا گیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کی جانب سے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
