کراچی پورٹ پر بحری سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور ملکی ڈریجنگ صلاحیت بڑھانے کی جانب اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ نیشنل ڈریجنگ اینڈ میرین سروسز (NDMS) نے کراچی پورٹ پر باقاعدہ ڈریجنگ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں NDMS اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان ڈریجنگ سے متعلق معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔ ڈریجنگ کے ذریعے بندرگاہ کے سمندری راستوں سے مٹی، ریت اور کیچڑ نکال کر مطلوبہ گہرائی برقرار رکھی جاتی ہے، جس سے بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔
NDMS کراچی ہاربر اپروچ چینل، ٹیپو سلطان چینل اور ساؤتھ وارف بیسن میں ڈریجنگ کے فرائض انجام دے گا۔ اس منصوبے کا مقصد ملک میں ڈریجنگ کی مقامی صلاحیت کو فروغ دینا اور بندرگاہی شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
حکام کے مطابق مقامی سطح پر ڈریجنگ کی سہولت دستیاب ہونے سے غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار کم ہوگا، بندرگاہی آپریشنز کی کارکردگی بہتر بنے گی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
کراچی پورٹ کے بحری راستوں کی مناسب گہرائی برقرار رکھنے سے بڑے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت زیادہ مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں ملکی تجارت اور بندرگاہی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
یہ اقدام پاکستان کے بحری شعبے میں مقامی صلاحیت پیدا کرنے، تجارتی انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور معاشی خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
