کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو 72 گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں 15 اگست صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدابخش نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، کیونکہ ملک بھر کے تقریباً 14 ہزار ڈیلرز کی جانب سے فوری کارروائی کا شدید دباؤ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو پہلے بھی دو ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی، تاہم مسائل حل نہ ہونے پر اب آخری وارننگ دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ڈیلرز نے 15 روز قبل مذاکرات کے احترام میں ہڑتال مؤخر کی تھی، لیکن تاحال کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نے کہا کہ اگر ڈیلر کمیشن، 24 گھنٹے قیمتوں کے تعین کے نظام اور کمپنی الاٹمنٹ پالیسی سمیت پانچ بنیادی مطالبات پر اتفاق نہ ہوا تو 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال شروع کر دی جائے گی۔
ڈیلرز نے پیٹرول پر 8 فیصد مارجن مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک پمپ بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
