اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 7 مقامات پر 5G سروس کا آزمائشی آغاز کردیا۔
اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جدید 5G موبائل سروس متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
ایس سی او کے مطابق دونوں علاقوں کے 7 مقامات پر 5G سروس فعال کردی گئی ہے، جہاں ڈی جی ایس سی او نے سروس کا افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ہیڈکوارٹرز میں 5G سروس کے عملی مظاہرے بھی کیے گئے۔
ایس سی او کے مطابق دسمبر 2026 تک مزید 20 سائٹس کو 5G نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے بعد فعال سائٹس کی مجموعی تعداد 27 ہوجائے گی۔
ادارے کے مطابق 5G ٹیکنالوجی سے سیاحت، تعلیم، صحت، کاروبار اور عوامی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل سہولیات کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
آزمائشی سروس کے دوران صارفین کے تجربے اور ضروریات کا جائزہ بھی لیا جائے گا، جس کی بنیاد پر مستقبل میں 5G نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
