خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، متعدد دہشت گرد ہلاک
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں حکومت کے عزمِ استحکام وژن کے تحت گزشتہ دو ماہ سے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مسلسل جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان میں کیے گئے آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے کئی محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں ہونے والے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے بعد فورسز نے موقع سے بھاری مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دیگر عسکری سامان بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا کہ مقامی آبادی اور شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام تک ایسے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
