درگ : اسسٹنٹ کمشنر اظہرالدین نے چارج سنبھالتے ہی اہم اعلان کر دیا
درگ (ڈسٹرکٹ نیوز): تحصیل درگ کے نو تعینات اسسٹنٹ کمشنر اظہرالدین نے باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے دفتری امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران و عملے سے ملاقات کرتے ہوئے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اظہرالدین نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل درگ کے عوام کی خدمت، مسائل کا بروقت اور فوری حل، شفافیت اور میرٹ کی بالادستی ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری امور قانون اور میرٹ کے مطابق انجام دیے جائیں، جبکہ عوام کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی مشینری کو ہر وقت متحرک رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی انتظامیہ کی قیادت میں تحصیل درگ میں عوامی مسائل کے حل، بہتر انتظامی کارکردگی اور عوام دوست اقدامات میں مزید بہتری آئے گی۔
