یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے مقامی کمانڈرز نے خیبرپختونخوا کے مختلف پولیس ہیڈکوارٹرز اور تھانوں کا دورہ کیا، جہاں شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
دورے کے دوران سیکیورٹی انتظامات، آپریشنل تیاریوں اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے افسران نے خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے مکمل خاتمے تک پاک فوج، خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون، بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
تقریبات کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی رٹ کے مؤثر نفاذ اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
