افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان حکومت کے خلاف سرگرم مسلح گروپوں کی کارروائیوں میں تیزی آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
طالبان مخالف گروپ افغان فریڈم فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ بدخشاں میں راکٹ حملوں کے دوران طالبان اہلکاروں کو جانی نقصان پہنچا، جبکہ صوبائی دارالحکومت فیض آباد میں طالبان کے گورنر آفس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسی طرح مزاحمتی گروپ دی گرین ٹرینڈ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ تخار کے ضلع چہ آب میں ایک کارروائی کے دوران طالبان کو نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں افغانستان کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں طالبان مخالف مسلح سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مختلف مزاحمتی گروپوں کی بڑھتی سرگرمیاں افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال اور سیاسی مستقبل پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، تاہم طالبان حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر مختلف مواقع پر ردعمل بھی سامنے آتا رہا ہے۔
