کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خواتین سیاسی قیدیوں کی گرفتاری قابل قبول نہیں، جبکہ 9 مئی کے بعد گرفتار کیے گئے سیاسی رہنماؤں کو بھی رہا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید کی مزید گرفتاری پر بھی سوال اٹھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی قیدیوں کی صحت بھی خراب ہے، حکومت کو اس معاملے پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کشمکش کے باعث عوامی مسائل پسِ پشت جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر ہے، ختم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے رابطوں اور وزیراعظم کی جانب سے پیش رفت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، جبکہ لیوی کا بھتہ ختم نہ ہونے کی صورت میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
