ٹرینیڈاڈ: پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے میں انجری کا شکار ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق عبداللہ فضل کو یہ انجری ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی کے ٹریننگ سیشن کے دوران پیش آئی، جہاں قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں میں مصروف تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی اسکین اور طبی معائنے کے بعد ٹیم کے میڈیکل پینل نے انہیں مکمل بحالی کے لیے آرام اور ری ہیبلیٹیشن پروگرام اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کی جگہ اسکواڈ میں کس کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا، اس بارے میں ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
23 سالہ عبداللہ فضل نے رواں سال مئی میں بنگلادیش کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلے ہی میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنا کر متاثر کن کارکردگی دکھائی تھی۔
ویسٹ انڈیز سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی ان کی فارم برقرار رہی، جہاں وہ دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے اور بالترتیب 50 اور 48 رنز اسکور کیے۔
عبداللہ فضل کی عدم دستیابی کے بعد مڈل آرڈر بیٹر اویس ظفر کے ٹیسٹ ڈیبیو کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جبکہ اوپننگ جوڑی میں امام الحق کی واپسی بھی متوقع سمجھی جا رہی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عبداللہ فضل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت اور پراعتماد نوجوان کھلاڑی ہیں، اور ان کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ثابت ہوگی۔