لورالائی (ڈسٹرکٹ نیوز)
ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن ریٹائرڈ محمد حسیب شجاع نے بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے تحت زیرِ تعمیر ڈیجیٹل لائبریری اور خواتین جم کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام، پیش رفت، افرادی قوت اور معیار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اندرونی پلستر اور چار دیواری کا کام مکمل جبکہ دروازوں کے فریم نصب ہو چکے ہیں، دیگر تکمیلی کام جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزدوروں کی کم تعداد کے باعث کام کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو اضافی افرادی قوت فوری تعینات کرنے اور تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری طلبہ اور شہریوں کو مطالعہ، تحقیق اور معلومات تک بہتر رسائی فراہم کرے گی، جبکہ خواتین جم صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کام منظور شدہ نقشے، ڈیزائن اور فنی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، تعمیراتی میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ہر مرحلے پر معیار کی جانچ یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبے کی روزانہ پیش رفت کی نگرانی اور رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس ڈی آئی فیز ٹو کے عوامی مفاد کے منصوبے مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہری جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
ڈسٹرکٹ نیوز — خبر وہی، جو حقیقت کے قریب!
